لاہور(اسپورٹس ڈیسک )چیمپئینز ٹرافی کے سلسلے میں سیلیکشن کمیٹی اجلاس میں قومی ٹیم اسکواڈ فائنل کرلیا گیا۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے بنگلا دیش پریمئیر لیگ میں ان فارم بیٹرخوشدل شاہ کو موقع دینے کا فیصلہ کرلیا،خوشدل شاہ کو صائم ایوب کی جگہ چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل کرنے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شان مسعود کوچیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل کرنے کے امکانات کم ہیں، امام الحق کو چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل کرنے کے امکانات روشن ہوگئے ۔ چیمپئینز ٹرافی کے اسکواڈ کو فائنل کرنے کیلیے اسکواڈز کے نام چیئرمین پی سی بی کو بھجوادیے گئے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی اجازت کے بعد قومی اسکواڈ کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔ فخر زمان،محمد رضوان ،بابر اعظم ،سلمان علی آغا، خوشدل شاہ ،کامران غلام ،ابرار احمد، سفیان مقیم، شاہین شاہ آفریدی،حارث روف ،نسیم شاہ بھی حتمی اسکواڈ میں شامل ہیں، طیب طاہر،محمد حسنین، عباس آفریدی کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔سہ فریقی سیریز کے لیے بھی اسکواڈ چیمپئنز ٹرافی کا ہی اسکواڈ ہوگا،پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ 19 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گا۔

