English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونے کے بعد وزیر اعظم کل قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کرینگے

لاہور:اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح  کل 7 فروری(جمعہ کو) شام 7 بجے کرینگے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے اسٹیڈیم کی تعمیر میں شامل ایک ہزار ورکرز کو دن ایک بجے ظہرانہ دینگے،تقریب میں شریک مہمانوں کو عمران خان انکلوژر میں بٹھایا جائے گا۔

اس موقع پر چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی بھی کی جائے گی، قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے، اور شائقین کرکٹ کے لیے نئی کرسیاں اور ایل ای ڈی لائٹس نصب کی جا رہی ہیں۔

اس کے علاوہ، نئی اسکور اسکرینز کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے۔ پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کو یادگار ایونٹ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور فنشنگ ورک کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ڈرینج ورک کو بھی مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر زور دیا۔

قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے تحت اسٹیڈیم میں موجود 6 ٹاورز پر نئی ایل ای ڈی فلڈ لائٹس نصب کی جا رہی ہیں، اور دو جدید اسکرینیں بھی لگائی جائیں گی تاکہ شائقین کو بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ  چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک پاکستان میں منعقد ہوگی، جس میں لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں میچز کھیلے جائیں گے، لاہور میں 7 میچز ہوں گے، جن میں 9 مارچ کو فائنل بھی شامل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے