لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کو سہ فریقی سیریز میں ایک دھچکا برداشت کرنا پڑ گیا، جب اہم فاسٹ بالر حارث رؤف انجری کے باعث بقیہ میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ نوجوان پیسر عاکف جاوید کو قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حارث رؤف نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ کے دوران 37ویں اوور میں بولنگ کے دوران تکلیف محسوس کرنے کے بعد میدان چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے۔ وہ اپنا اوور بھی مکمل نہ کر سکے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر طبی معائنے کے لیے لے جایا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ حارث رؤف کی انجری شدید نوعیت کی نہیں ہے اور وہ جلد فٹ ہو جائیں گے۔ پی سی بی کے مطابق ان کے ایم آر آئی اور ایکسرے اسکینز سے معلوم ہوا ہے کہ انہیں سینے کے نچلے حصے میں معمولی کھنچاؤ ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ مکمل صحت یاب ہو کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے دستیاب ہوں گے۔
دوسری جانب عاکف جاوید کی شمولیت سے قومی ٹیم کے بالنگ اٹیک میں تازہ دم توانائی شامل ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔ نوجوان فاسٹ بالر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی تھی اور اب ان کے پاس خود کو ثابت کرنے کا ایک سنہری موقع ہے۔
پاکستانی کرکٹ شائقین کو امید ہے کہ ٹیم بقیہ میچز میں مضبوط کارکردگی دکھائے گی اور حارث رؤف کی غیرموجودگی کے باوجود بہترین کھیل پیش کرے گی۔

