راولپنڈی : مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں شروع کی گئی فری میت منتقلی سروس کو راولپنڈی تک توسیع دے دی گئی ہے، جس کے تحت اب سرکاری اسپتالوں سے میت کو مکمل طور پر مفت گھر منتقل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد غمزدہ خاندانوں کو مالی اور انتظامی مشکلات سے بچانا ہے تاکہ وہ اس مشکل وقت میں سہولت حاصل کر سکیں۔ اس سروس کے لیے ریسکیو 1122 کو خصوصی گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جو چوبیس گھنٹے دستیاب ہوں گی۔
تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ نے گاڑیوں کی چابیاں ڈرائیورز کے حوالے کیں اور انہیں سروس کے مؤثر اور بروقت استعمال کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں، شہری میت کی منتقلی کے لیے ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر کال کر کے اس سہولت سے فوری فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ادھر اس سروس کے آغاز کے فوری بعد پہلی میت بھی اسی سہولت کے ذریعے منتقل کی گئی۔ 55 سالہ شہری عمران جو دل کے عارضے کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے، انتقال کر گئے، جن کی میت کو سرکاری اسپتال سے ان کے گھر تک اسی فری سروس کے ذریعے منتقل کیا گیا۔
مقامی شہریوں نے پنجاب حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم اور انسان دوست قدم قرار دیا ہے، ایسے اقدامات سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملتا ہے بلکہ حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد بھی مضبوط ہوتا ہے۔
