اسلام آباد: سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ موجودہ قیادت کی سفارتکاری غیر معمولی ہے اور اس جیسے مؤثر اقدامات انہوں نے اپنی پوری سفارتی زندگی میں کم ہی دیکھے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے پہلے دور میں ایک ایم او یو کی سطح تک پیش رفت ہو چکی تھی اور معاہدے کے ڈرافٹ پر بھی اتفاق رائے پیدا ہو گیا تھا، تاہم اس کے باوجود بنیادی مسائل مکمل طور پر حل نہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا اور پیچیدہ مسئلہ نیوکلیئر پروگرام کا ہے، جس پر دونوں فریقین کے درمیان اختلافات برقرار ہیں اور یہی معاملہ مذاکرات میں رکاوٹ بن رہا ہے۔
جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل آصم منیر جس انداز میں سفارتکاری کر رہے ہیں، وہ قابلِ ذکر ہے اور امید ہے کہ اس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔