لاہور: ملک بھر میں برسات کی پیشن گوئی، نئے مغربی سلسلے کے تحت شدید موسمی سرگرمیوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات پاکستان نے ملک کے مختلف حصوں میں 2مئی کی شام سے 5مئی کی صبح تک نئے مغربی سلسلے کے تحت شدید موسمی سرگرمیوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، گرج چمک، موسلا دھار بارش اورژالہ باری کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا اس موسمی نظام سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہوگا، جہاں چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، باجوڑ، مہمند، اورکزئی، خیبر، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں 2 مئی کی شام سے 4 مئی تک وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پرژالہ باری متوقع ہے۔
پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، بھکر، فیصل آباد، ساہیوال، جھنگ، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں 2 مئی کی شام سے 4 مئی کی رات تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ڑالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، ملتان اور خانیوال میں 3 اور 4 مئی کو آندھی اور بارش کے ساتھ گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 2مئی کی رات سے 5مئی تک بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں نیلم ویلی، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بھی اسی دوران موسلا دھار بارش اور ڑالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، کوہلو، ڑوب، بارکھان اور لورالائی میں 2 سے 4 مئی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بالائی سندھ میں 2 اور 3 مئی کو گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں 3 اور 4 مئی کو لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی کھڑی فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے پیشگی اقدامات کریں جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔