اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے ملک کے بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری لانے اور لائن لاسز میں نمایاں کمی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام، خصوصاً گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ لائن لاسز سے مراد وہ بجلی ہے جو پیدا ہونے کے باوجود صارفین تک پہنچنے سے پہلے ہی ضائع ہو جاتی ہے، جس کی بڑی وجوہات میں پرانا ترسیلی نظام، تکنیکی خرابیاں اور بجلی چوری شامل ہیں، ان نقصانات کو کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور نظام کو مؤثر بنایا جائے۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ایسے انداز میں کی جائیں جو عوام اور صنعتی شعبے دونوں کے مفاد میں ہوں، بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ صنعتی پیداوار متاثر نہ ہو اور ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہو سکے۔
شہباز شریف نے بجلی چوری کے خاتمے کے لیے جاری مہم کو مزید سخت بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری دراصل لائن لاسز میں اضافے کی بڑی وجہ ہے، جس کا بوجھ بالآخر ایماندار صارفین کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ غیر قانونی کنکشنز کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔
اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بجلی کے ترسیلی نظام کو جدید بنانے اور لائن لاسز میں کمی کے لیے مختلف منصوبے زیرِ عمل ہیں، جن سے آئندہ مہینوں میں بہتری متوقع ہے۔ وزیرِاعظم نے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
