مظفرگڑھ: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مظفرگڑھ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کر لیا۔ کارروائی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) ملتان کی جانب سے کی گئی، جس میں بھاری مقدار میں غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کارروائی کے دوران ایک ٹرک سے 2700 کلو گرام سگریٹ فلٹر فوم برآمد کیا گیا، جس کی مالیت تقریباً 175.5 ملین روپے بتائی گئی ہے، یہ سامان غیر قانونی طریقے سے ملک میں منتقل کیا جا رہا تھا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ شیرشاہ موٹروے پر ایک کنٹینر کی تلاشی کے دوران غیر ملکی سگریٹس اور خشخاش کے بیج بھی برآمد کیے گئے۔ کارروائی کے دوران 135 کارٹن سگریٹس اور 505 بوریاں خشخاش قبضے میں لی گئیں، جن کی مجموعی مالیت بھی کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق ضبط شدہ سامان کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس اسمگلنگ نیٹ ورک سے جڑے عناصر کی نشاندہی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی، ایسی کارروائیاں نہ صرف قومی معیشت کو نقصان سے بچاتی ہیں بلکہ غیر قانونی تجارت کے خلاف مؤثر پیغام بھی دیتی ہیں۔