تہران میں اسلامی انقلابی گارڈ کور کی بحریہ نے آبنائے ہرمز کا نیا نقشہ جاری کر دیا ہے، جس میں اس اہم سمندری گزرگاہ پر اپنے کنٹرول کو واضح کیا گیا ہے۔
نقشے میں آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں ایرانی کوہِ مبارک اور فجیرہ (متحدہ عرب امارات) کے درمیان ایک حد بندی لائن دکھائی گئی ہے، جسے ایرانی حکام نے اپنی نگرانی کا حصہ قرار دیا ہے۔
اس سے قبل ایران نے تمام تجارتی بحری جہازوں اور آئل ٹینکرز کو ہدایت کی تھی کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران ایرانی فوج سے رابطے میں رہیں، جبکہ امریکی جہازوں کو اس علاقے کے قریب آنے سے بھی خبردار کیا گیا تھا۔
ایرانی خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ایک سینئر کمانڈر کا کہنا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے اور امریکی بحریہ کو اس کے قریب بھی نہیں آنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنی خودمختاری کے خلاف کسی بھی خطرے کا سخت جواب دے گا، جبکہ ابراہیم عزیزی نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی مداخلت کو جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔