اسلام آباد: حکومت نے شہریوں کو گھر بیٹھے پاسپورٹ اپلائی کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نادرا کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں پاسپورٹ کے موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے مختلف اصلاحات پر غور کیا گیا۔ حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارت داخلہ کے وژن کے مطابق نئی ٹیکنالوجی متعارف کروانے اور موجودہ پالیسیوں کو مکمل ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنے پر کام جاری ہے۔
اجلاس کے دوران شہریوں کو آن لائن اور گھر بیٹھے پاسپورٹ اپلائی کرنے کی سہولت دینے کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو پاسپورٹ دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا، درخواست کے عمل کو آسان بنانا اور خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت شہری درخواست، دستاویزات کی تصدیق اور دیگر مراحل آن لائن مکمل کرسکیں گے جبکہ مستقبل میں پاسپورٹ سروسز کو مزید تیز اور شفاف بنانے کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔