ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

معرکۂ حق میں پاک فضائیہ نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا، ایئرچیف مارشل

اسلام آباد: ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ قومی دفاع میں پاک فضائیہ کا کردار تاریخی رہا ہے اور معرکۂ حق کے دوران پاک فضائیہ نے سرینگر سے بھٹنڈا تک دشمن کو مؤثر اور منہ توڑ جواب دے کر سبق سکھایا۔

معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ واقعے کے بعد پاکستان نے بھارت کو غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، بھارت نے اس کے باوجود پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے۔

ایئرچیف نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو دندان شکن شکست دی،معرکۂ حق میں کامیابی پر پاک فضائیہ کے افسران، جوانوں اور تمام عملے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر اہلکار نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے عزائم ناکام بنائے بلکہ بھارتی ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی شدید نقصان پہنچایا، سرینگر سے بھٹنڈا تک دشمن کی تنصیبات پاک فضائیہ کے نشانے پر تھیں اور جدید جنگی حکمت عملی کے ذریعے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دنیا کے سرفہرست لڑاکا طیاروں کو خاک میں ملایا جبکہ پاکستان کے سائبر شاہینوں نے دشمن کی سائبر سیکیورٹی کو بھی تباہ کر دیا، بھارتی فضائیہ کو ایسی عبرتناک اور تذلیل آمیز شکست ہوئی جسے وہ طویل عرصے تک یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ ملکی فضائی سرحدوں کی محافظ رہی ہے اور آئندہ بھی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو لمحوں میں تباہ کیا گیا جبکہ دشمن کی مختلف تنصیبات کو ریکارڈ وقت میں نشانہ بنایا گیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ آپریشن ”بنیان مرصوص“ میں پاکستان نے جدید ڈرون ٹیکنالوجی، فضائی جنگ، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر وارفیئر میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور دشمن کو ہر محاذ پر دھول چٹائی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں