English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان، ایک ہفتے میں 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں

القمر

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی رفتار میں ایک بار پھر تیزی آ گئی ہے جس کے باعث عام آدمی کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ ترین ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت میں مہنگائی کی شرح میں 0.79 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ملک بھر میں 22 اہم اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 15.16 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جس سے کم آمدنی والے طبقے کے لیے گزارا کرنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات بازاروں میں نمایاں دکھائی دے رہے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 47 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 56 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے، جس نے اشیا کی نقل و حمل کو مہنگا کر دیا ہے۔

خورونوش کی اشیاء میں چکن کی قیمت سب سے زیادہ بڑھی ہے جو 48 روپے 40 پیسے فی کلو تک مہنگا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 74 روپے 75 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، جس سے عام گھرانوں کا بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ بیف 8 روپے 3 پیسے، دہی 4 روپے اور دودھ 2 روپے 77 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ہے۔ مٹن، آلو، کیلے، کوکنگ آئل اور سگریٹ جیسی اشیاء کی قیمتیں بھی اوپر گئی ہیں، جس سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔

تاہم کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹماٹر، لہسن، انڈے، پیاز اور دال مسور سمیت 14 اشیاء کی قیمتوں میں گراوٹ آئی ہے جبکہ 15 اشیاء کی قیمتیں فی الحال مستحکم ہیں، جو مارکیٹ میں ایک ملی جلی کیفیت کو ظاہر کر رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے