واشنگٹن میں پاکستان کے سفارت خانے میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی اور باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے سفیر برائے امریکا رضوان سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنے کی بھارت کو بھاری قیمت چکانی پڑی۔
پاکستان کے سفیر برائے امریکا نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، جس پر پاکستان امریکی قیادت کا بھی شکر گزار ہے۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی، جہاں ملی نغمے پیش کیے گئے اور شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے۔ ماحول قومی جوش و جذبے سے بھرپور رہا۔
اسی سلسلے میں نیویارک میں بھی ایک علیحدہ تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن موڑ ہے جس نے قومی مؤقف کو عالمی سطح پر مزید مضبوط کیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران عالمی سطح پر پاکستان کا کردار مزید ابھرا ہے اور اب پاکستان کی سفارتی بات کو زیادہ توجہ سے سنا جا رہا ہے،پاکستان عالمی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور خطے میں توازن قائم رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔
شُرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں اور امن پر مبنی مؤقف مستقبل میں بھی عالمی سطح پر مثبت اثرات مرتب کرتا رہے گا۔
