English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، خیبر پختونخوا کو ہر ممکن تعاون دیں گے، وزیر اعظم

القمر

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سُہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں گزشتہ روز بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گرد حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر ملک کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم ریاستی ادارے اور عوام مل کر ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بھی بنوں حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی، دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف خیبر پختونخوا کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی جنگ ہے، اور صوبائی حکومت دہشت گردی سے متاثرہ ہر خاندان کے ساتھ کھڑی ہے، خیبر پختونخوا کے عوام نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

ادھر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں، پولیس جوان انتہائی جرات کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ان کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے