English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 ایران کی امریکی پابندیوں پر عمل کرنے والے ممالک کو آبنائے ہرمز میں مشکلات کی کھلی وارننگ

القمر

ایران نے ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک ایران کے خلاف امریکی پابندیوں پر عمل درآمد کریں گے، انہیں آبنائے ہرمز سے گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان اکرمی نیا نے کہا کہ ایران کے خلاف نافذ کی جانے والی امریکی پابندیوں پر عمل کرنے والے ممالک کو آبنائے ہرمز میں آسانی سے گزرنے کی توقع نہیں رکھنی چاہیے،ایران اپنے اسٹریٹجک سمندری راستوں پر مکمل نظر رکھتا ہے اور اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اکرمی نیا نے مزید کہا کہ حالیہ کشیدگی اور مبینہ جنگی صورتحال کے دوران ایران اپنے کسی بھی بنیادی مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا، بلکہ اس کے سیاسی اور دفاعی نظام میں مزید مضبوطی پیدا ہوئی ہے،اس عرصے میں ایرانی معاشرے میں اتحاد اور یکجہتی میں اضافہ ہوا ہے جس کا اظہار عوام کی بڑی تعداد میں سڑکوں پر موجودگی سے بھی ہوا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مخالف قوتیں ایران کی مزاحمتی پالیسی کو کمزور کرنے میں ناکام رہیں اور انہیں بالآخر حالات کے تحت جنگ بندی پر آمادہ ہونا پڑا،جنگ بندی کے دوران ایران نے اپنی دفاعی اور عسکری صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا اور مختلف شعبوں میں نئی حکمت عملی تیار کی۔

خطے کی اس صورتحال کو عالمی ماہرین انتہائی حساس قرار دے رہے ہیں کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کی توانائی سپلائی کا ایک اہم ترین بحری راستہ ہے جہاں سے تیل کی بڑی مقدار عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا کشیدگی عالمی معیشت پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں وقتی جنگ بندی کے باوجود تناؤ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، اور دونوں ممالک کے بیانات خطے میں غیر یقینی صورتحال کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے