English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سابق فلمی سپر اسٹار وجے تھلاپتی تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ منتخب، عہدے کا حلف اٹھا لیا

القمر

سابق بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور سپر اسٹار جوزف وجے المعروف وجے تھلاپتی نے بھارتی ریاست تامل ناڈو کے نئے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا، ان کی سیاسی جماعت نے اپنی پہلی ہی انتخابی مہم میں غیرمعمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھارتی سیاست میں نئی تاریخ رقم کر دی۔

تامل ناڈو میں منعقدہ پروقار حلف برداری تقریب چنئی کے نہرو اسٹیڈیم میں ہوئی، جہاں ہزاروں مداحوں، سیاسی رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران وجے تھلاپتی کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی جبکہ ان کے حامی اس تاریخی لمحے کو بھارتی سیاست میں بڑی تبدیلی قرار دیتے رہے۔

وجے تھلاپتی کی جماعت “تاملگا ویٹری کڑگم” نے حالیہ ریاستی انتخابات میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 234 رکنی اسمبلی میں 108 نشستیں حاصل کیں۔ اگرچہ حکومت بنانے کے لیے 118 نشستیں درکار تھیں، کانگریس، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، سی پی ایم اور انڈین یونین مسلم لیگ سمیت اتحادی جماعتوں کی حمایت ملنے کے بعد وہ واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق وجے تھلاپتی نے گورنر راجند وشواناتھ سے ملاقات کے بعد حکومت سازی کی دعوت قبول کی۔ گورنر کی جانب سے انہیں 13 مئی تک اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

وجے تھلاپتی نے اپنے فلمی کیریئر کے عروج پر سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے نوجوانوں کے مسائل، بے روزگاری، بدعنوانی، مہنگائی اور سماجی انصاف جیسے اہم موضوعات پر بھرپور انداز میں آواز اٹھائی، جسے عوامی سطح پر بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔

یاد رہے کہ جوزف وجے بھارت کے مقبول ترین فلمی ستاروں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی فلمیں نہ صرف جنوبی بھارت بلکہ دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں۔ وہ ماضی میں بھارتی شہریت ترمیمی قانون اور دیگر قومی معاملات پر بھی کھل کر اظہارِ خیال کرتے رہے ہیں۔

,

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے