English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران نے افزودہ یورینیم کے اخراج سے متعلق امریکا سے رابطہ کیا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

القمر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران سے متعلق سخت اور دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کی حکمتِ عملی میں کئی اہم آپشنز زیر غور ہیں، جن میں “پروجیکٹ فریڈم” کو دوبارہ بڑے پیمانے پر شروع کرنے کا امکان بھی شامل ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔

امریکی ٹی وی فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران میں سخت گیر قیادت کو بین الاقوامی دباؤ کے ذریعے جھکنے پر مجبور کریں گے، ایران نے امریکا سے افزودہ یورینیم کے معاملے پر رابطہ کیا ہے، تہران کے پاس اس مواد کو محفوظ طریقے سے نکالنے یا منتقل کرنے کی مطلوبہ ٹیکنالوجی موجود نہیں۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کے بقول ایران میں موجود جوہری مواد کو ملبے سے نکالنے کے طریقہ کار پر بھی شکوک پائے جاتے ہیں، اسی لیے یہ معاملہ فی الحال مزید مذاکرات کے دائرے میں رکھا جا رہا ہے۔

بعد ازاں وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے معاملے پر اہم عسکری حکام سے مشاورت جاری ہے اور اعلیٰ فوجی جرنیل ان کی آئندہ ہدایات کے منتظر ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی ناکہ بندی ایک بڑا اور منظم فوجی منصوبہ ہے جس پر غور کیا جا رہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایرانی حکومت پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات ہیں اور ان کے مطابق ماضی میں ہزاروں مظاہرین ہلاک کیے گئے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر امریکا نے مداخلت نہ کی ہوتی تو خطہ مزید عدم استحکام کا شکار ہو سکتا تھا۔

امریکی صدر کے مطابق ایران بعض معاملات پر امریکا سے اتفاق کرتا ہے لیکن بعد میں اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ جاتا ہے، جس سے مذاکراتی عمل پیچیدہ ہو رہا ہے، موجودہ جنگ بندی انتہائی نازک صورتحال میں ہے اور کسی بھی وقت بگڑ سکتی ہے۔

ٹرمپ نے گفتگو کے دوران کرد رہنماؤں کے رویے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا جبکہ چین کے صدر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا بہت احترام کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ باہمی تعلقات اسی احترام کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے