قومی ادارہ برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے ملک کے بالائی علاقوں میں شدید موسمی صورتحال کے پیشِ نظر ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران برفانی جھیلیں پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی ریلوں کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق مسلسل بارشوں اور درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں واقع برفانی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں شدید طغیانی آ سکتی ہے، آج سے 16 مئی تک مختلف مقامات پر فلیش فلڈنگ کے امکانات موجود رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موسمی شدت کے باعث مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی غیر معمولی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں پہاڑی ڈھلوانیں، دریا اور برساتی نالے موجود ہیں۔ اسی لیے شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل اجتناب کریں اور کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر خطرناک تنصیبات کے قریب جانے سے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے نے سیاحوں کو خصوصی طور پر خبردار کیا ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی ڈھلوانوں کے قریب خیمہ بستی قائم نہ کریں کیونکہ اچانک پانی کے بہاؤ میں اضافے سے جانی نقصان کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
ادارے کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ حکام کے مطابق امدادی اداروں کو الرٹ رہنے اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
