اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کے بیٹے سے متعلق انکشاف سامنے آیا ہے کہ انہوں نے بلیو پاسپورٹ پر یورپ کا سفر کرنے کے بعد اٹلی میں سیاسی پناہ حاصل کر لی۔
یہ انکشاف وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے اور سوال اٹھایا کہ اس طرح کے اقدامات سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج متاثر ہوتا ہے۔
طلال چوہدری کے مطابق حکومت نے اس واقعے کے بعد بلیو پاسپورٹس کے اجرا میں کمی کر دی ہے تاکہ ایسے معاملات کی روک تھام کی جا سکے۔
اجلاس کے دوران کمیٹی ارکان نے سوال اٹھایا کہ کیا صرف ایک کیس کی بنیاد پر سب کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے اور کیا متعلقہ افراد کے خلاف انفرادی کارروائی ہونی چاہیے۔
دوسری جانب اقبال آفریدی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پہلے یہ واضح کیا جائے کہ ان کے بیٹے سے پہلے کتنے افراد بیرون ملک سیاسی پناہ لے چکے ہیں، اور اگر ایسے حالات رہے تو ملک میں رہنا مزید مشکل ہو جائے گا۔
