ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

شاہراہ بھٹو کو رواں ماہ مکمل طور پرکھولنے جارہے ہیں: شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت رواں ماہ شاہراہ بھٹو کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھولنے جا رہی ہے، جس سے شہر میں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ شاہراہ بھٹو براہِ راست موٹر وے ایم نائن سے منسلک ہوگی، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں بہتر سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی بندرگاہ سے قیوم آباد تک ایک نئی سڑک بھی تعمیر کی جا رہی ہے، جبکہ شہر میں پلوں، زیرِ زمین گزرگاہوں اور سڑکوں کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کراچی کے تمام بڑے ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ سرخ لائن تیز رفتار بس منصوبے میں تاخیر کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ پہلے ٹھیکیدار منصوبہ بروقت مکمل نہیں کر سکے تھے، جس کے بعد منصوبہ نئی کمپنی کے حوالے کیا گیا۔ اس تاخیر پر انہوں نے شہریوں سے معذرت بھی کی۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ چینی کمپنیاں کراچی میں سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کے منصوبے لگانے جا رہی ہیں، جن سے شہر میں پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ان کے مطابق یہ منصوبے مہنگے ضرور ہیں لیکن شہری ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک منشیات فروش خاتون کی گرفتاری پر قانون نافذ کرنے والے ادارے قابلِ تعریف ہیں۔ ان کے بقول سندھ حکومت نے بھی اس خاتون کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی تاہم کامیابی نہیں مل سکی۔

وزیر اطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت سندھ کی تمام شاہراہیں اور مرکزی سڑکیں محفوظ ہیں اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا جانا چاہیے۔

  • ویب ڈیسک
  • مقصود بھٹی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں