English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنجاب میں آندھی اور بارش تباہی مچا گئی، چھتیں اور درخت گرنے سے 3 افراد جاں بحق

القمر

پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی تیز آندھی اور بارش نے تباہی مچا دی، جہاں چھتیں، دیواریں، درخت اور اشتہاری بورڈ گرنے کے متعدد واقعات میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 24 سے زائد شہری زخمی ہوگئے۔

 نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور، فیصل آباد، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، جھنگ اور ننکانہ صاحب سمیت مختلف اضلاع میں خراب موسم کے باعث درجنوں ہنگامی واقعات پیش آئے، جن کے بعد امدادی اداروں کو فوری کارروائیاں کرنا پڑیں۔

رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آندھی اور بارش کے باعث سب سے زیادہ نقصانات رپورٹ ہوئے، جہاں درخت، شیڈز اور بل بورڈ گرنے کے کم از کم 6 مختلف حادثات پیش آئے۔ ان واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے۔ بادامی باغ کے قریب لاری اڈا کے علاقے میں تیز ہوا کے باعث ایک درخت گر گیا جس کے نتیجے میں 50 سالہ اعجاز موقع پر دم توڑ گیا جبکہ ایک اور شخص زخمی ہوگیا۔

اسی طرح رنگ محل کے علاقے میں ایک شیڈ گرنے سے 21 سالہ بلال جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ شہر میں ایک اور واقعے کے دوران تیز آندھی کے باعث اشتہاری بورڈ گرنے سے ایک شہری زخمی ہوا۔

فیصل آباد میں بھی خراب موسم نے شہری زندگی کو شدید متاثر کیا۔ مختلف علاقوں میں دیواریں، چھتیں اور درخت گرنے کے 7 حادثات رپورٹ ہوئے جن میں ایک کمسن بچہ جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق سلطان چوک میں دیوار گرنے سے جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 13 سالہ حیدر علی کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب ڈی جی خان میں آسمانی بجلی گرنے کے 2 مختلف واقعات پیش آئے جن میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرکے قریبی مراکز صحت منتقل کر دیا گیا۔

مظفر گڑھ میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کے باعث درخت، سولر پینل اور دیواریں گرنے کے 4 واقعات رونما ہوئے، جن میں 4 شہری زخمی ہوئے۔ ننکانہ صاحب میں ایک دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ جھنگ میں سائن بورڈ گرنے کے واقعے میں بھی ایک شہری زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق شدید زخمی افراد کو فوری امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ امدادی ٹیمیں رات بھر مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف رہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 سے رابطہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے