اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کی جانب سے قبضے میں لیے گئے جہاز میں موجود 11 پاکستانی شہریوں کی واپسی میں کامیاب ہوگیا ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان نے ایران کے 20 شہریوں کی واپسی بھی ممکن بنائی جبکہ پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی رہائی اور واپسی سنگاپور کے تعاون سے عمل میں آئی، تمام افراد اب اپنے وطن واپسی کے سفر پر روانہ ہو چکے ہیں۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ سنگاپور سے بنکاک پہنچنے کے بعد پاکستانی شہری اسلام آباد آنے والی پرواز میں سوار ہوئے جبکہ ایرانی شہریوں کی اپنے ملک واپسی کے لیے بھی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا پاکستانی کوششوں پر اعتماد قابلِ قدر ہے اور پاکستان ایرانی شہریوں کی واپسی میں تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے سنگاپور کے وزیراعظم، حکومت اور وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون اور مسلسل رابطے کے باعث یہ کارروائی کامیابی سے مکمل ہوئی، 31 پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی واپسی کے معاملے میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی تعاون کیا، جس پر پاکستان ان کے شکر گزار ہے۔
