میلسی: فتح پور کے علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ایک گھر سے ماں اور اس کے تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر اپنے تینوں بچوں کو سوتے ہوئے کلہاڑی کے وار کر کے قتل کیا، جس کے بعد اس نے خودکشی کرلی۔ واقعے کی ممکنہ وجہ میاں بیوی کے درمیان گھریلو تنازع بتایا جا رہا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ جاں بحق بچوں کی عمریں 3 سے 8 سال کے درمیان تھیں جبکہ خاتون کی عمر تقریباً 30 سال تھی۔ تمام لاشوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال میلسی منتقل کر کے پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔
تفتیش کے دوران پولیس نے خاتون کے شوہر کو بھی حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے تاکہ واقعے کے محرکات کا تعین کیا جا سکے۔
ادھر واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے اور پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔