English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نئی تجاویز  زیرِ جائزہ ہیں، امریکا کو نیک نیتی ثابت کرنا ہوگی ایران

القمر

تہران: ایران نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کی جانب سے نئی تجاویز موصول ہوئی ہیں جن کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی عمل میں پاکستان اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے پرعزم ہے، جن میں امریکی اقتصادی پابندیوں کا فوری خاتمہ سرِفہرست ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ واشنگٹن کو اپنی عملی اقدامات سے نیک نیتی ثابت کرنی ہوگی اور ایرانی بحری جہازوں کے خلاف کارروائیاں بند کرنا ہوں گی۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ تہران ان کارروائیوں کو کھلی بحری قزاقی سمجھتا ہے جسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ایران کے پیش کردہ 14 نکات کی بنیاد پر مسلسل پیغامات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے تاکہ تناؤ کو کم کیا جا سکے۔

دوسری جانب اس سفارتی عمل کو تیز کرنے کے لیے پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اس وقت ایران کے دورے پر موجود ہیں۔ ان کی موجودگی کا مقصد تہران اور واشنگٹن کے مابین پیغامات کی ترسیل میں سہولت فراہم کرنا اور مذاکرات کے عمل کو کسی منطقی نتیجے تک پہنچانا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران، عمان اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز کی سلامتی کے لیے ایک مستحکم میکنزم تشکیل دینا چاہتا ہے۔ اس مقصد کے لیے خطے میں محفوظ بحری نقل و حمل کے نئے پروٹوکول بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔

ان اقدامات کا بنیادی مقصد عالمی توانائی منڈی کو درپیش خطرات کو کم کرنا اور تیل بردار جہازوں کی نقل و حرکت کو محفوظ بنانا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ثالثی میں جاری یہ کوششیں مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوں گی۔

ایران نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ اب گیند امریکا کے کورٹ میں ہے کہ وہ ایران کے جائز مطالبات پر کس طرح کا ردعمل دیتا ہے اور مذاکرات کو آگے بڑھاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے