اسلام آباد: ملک بھر کی ضلعی عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات کی تعداد بیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
قانون و انصاف کمیشن کی جانب سے ماتحت عدلیہ سے متعلق جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ضلعی عدالتوں میں لاکھوں مقدمات فیصلوں کے منتظر ہیں۔
دستاویز کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر ایک ہزار ایک سو ترپن عدالتیں ججوں کی عدم تعیناتی کے باعث غیر فعال ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں آٹھ سو آٹھ اور سندھ میں اناسی عدالتیں ججوں کی کمی کے باعث بند ہیں، جبکہ بلوچستان میں اٹھہتر، پشاور میں ایک سو انچاس اور اسلام آباد کی ضلعی عدالتوں میں انتیس عدالتیں ججوں کی تعیناتی کی منتظر ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں چھ سو اڑتالیس فیملی اور سول ججوں کی آسامیاں خالی ہیں، جبکہ پشاور ہائی کورٹ کے ماتحت ایک سو چھبیس سول اور فیملی عدالتیں جج نہ ہونے کے باعث غیر فعال ہیں۔
اسی طرح سندھ میں ستر اور بلوچستان میں اٹھاون سول و فیملی ججز کی آسامیاں تاحال پُر نہیں کی جا سکیں، جبکہ اسلام آباد میں تیرہ سول اور فیملی عدالتیں ججوں کی عدم دستیابی کے باعث غیر فعال ہیں۔
