راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرائی گئی، جس کے دوران ان کی صحت اور زیرِ سماعت مقدمات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
جیل ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کی فیملی جمعہ کے روز ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی، جن میں ان کی بیٹی مبشرہ شیخ اور بھابی مہرالنساء شامل تھیں،جیل حکام کی جانب سے ملاقات کا انتظام جیل کے کانفرنس روم میں کیا گیا، جہاں اہلِ خانہ نے بشریٰ بی بی سے ان کی متاثرہ آنکھ کی حالت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی خیریت معلوم کی۔
ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کے خلاف زیرِ سماعت مقدمات اور قانونی امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اہلِ خانہ نے ان کی صحت اور قانونی معاملات پر تشویش کا اظہار کیا۔
تقریباً 45 منٹ جاری رہنے والی ملاقات کے بعد بشریٰ بی بی کی بیٹی اور دیگر اہلِ خانہ اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
یاد رہے کہ بشریٰ بی بی مختلف مقدمات کے سلسلے میں اڈیالہ جیل میں زیرِ حراست ہیں، جبکہ ان کی صحت اور جیل میں سہولیات کے حوالے سے وقتاً فوقتاً سیاسی اور قانونی حلقوں میں بحث جاری رہتی ہے۔
