پشاور: تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی جیل میں سلامتی پر سنگین خدشات کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی چارہ جوئی اور احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پریس کلب میں معظم بٹ ایڈووکیٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار نے کہا کہ عمران خان کی جان کو جیل میں خطرات لاحق ہیں، جس کے خلاف وہ پشاور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کریں گی، پارٹی کی جانب سے تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف بھی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور ڈرون حملوں کے باعث عام شہری متاثر ہو رہے ہیں، صوبے میں بدامنی اور عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
شاندانہ گلزار نے کہا کہ سابق دور حکومت میں صوبے میں نسبتاً امن تھا، تاہم اب صورتحال خراب ہو چکی ہے،مرکز کی جانب سے خیبر پختونخوا کو اس کے وسائل، گیس اور بجلی کا مکمل حق نہیں دیا جا رہا جس سے معاشی مشکلات بڑھ رہی ہیں، احتجاجی تحریک کے لیے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کو مکمل اختیار دیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کا بنیادی حق احتجاج ہے ،مقبول رہنما کو غیر قانونی طور پر نشانہ بنایا گیا ہے، پارٹی ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بدامنی اور عوامی بے چینی کے خلاف اپنی تحریک جاری رکھے گی۔
