English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لیگی ایم پی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کے ہراسانی الزامات مسترد کر دیے

القمر

لاہور: مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ نے اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے خود پر لگائے گئے ہراسانی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے ان کا اداکارہ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں لیگی رہنما نے کہا کہ انہوں نے مومنہ اقبال کو نہ کوئی کال کی اور نہ ہی کوئی پیغام بھیجا، وہ گزشتہ کئی ماہ سے اداکارہ سے مکمل طور پر لاتعلق ہیں اور ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

ثاقب چدھڑ نے کہا کہ انہیں مومنہ اقبال کی شادی سے متعلق بھی کوئی علم نہیں تھا اور بعد میں سوشل میڈیا کے ذریعے اس بارے میں معلوم ہوا، وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ وہ اداکارہ کی شادی رکوانے کی کوشش کیوں کریں گے۔

رکن پنجاب اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال کے ہونے والے شوہر نے ان کے موبائل فون میں ان کی کوئی ویڈیو دیکھنے کے بعد غصے میں آ کر انہیں فون کیا اور دھمکیاں دیں، اس معاملے پر انہوں نے متعلقہ تھانے سے رابطہ کیا اور نمبر کی جانچ پڑتال کروائی، جس سے مبینہ طور پر معلوم ہوا کہ کال اداکارہ کے ہونے والے شوہر کی جانب سے کی گئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعد ازاں مومنہ اقبال کی والدہ نے انہیں فون کر کے معذرت کی، جبکہ بعد میں خود اداکارہ نے بھی رابطہ کیا اور کہا کہ یہ کال جذبات میں آ کر کی گئی تھی، اگر الزامات درست ہیں تو متعلقہ فریق قانونی کارروائی اور تفتیش کا سامنا کرے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ ان کے خلاف وومن کارڈ” استعمال کر رہی ہیں۔

دوسری جانب اس معاملے پر سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، جبکہ تاحال اس تنازع سے متعلق کسی قانونی کارروائی یا باضابطہ تحقیقات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے