لاہور: کاہنہ کے علاقے میں ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی مبینہ ڈکیتی کا ڈراپ سین ہو گیا ہے، جس میں پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ واردات کی اطلاع دینے والا شخص ہی اس کا مرکزی ملزم اور ماسٹر مائنڈ تھا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ واقعہ ڈکیتی کے طور پر رپورٹ کیا گیا تھا، تاہم تفتیش کے دوران شواہد سامنے آنے پر کہانی نے نیا رخ اختیار کر لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کے قبضے سے سونا اور نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم ایک پراپرٹی ڈیلر ہے جس نے مالی نقصان پورا کرنے کے لیے خود ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا۔ تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم نے اپنے دفتر کے ملازمین کو واردات کے لیے گھر کی چابی فراہم کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر ممکنہ افراد کو بھی سامنے لایا جا سکے۔
