محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں شدید گرمی کی نئی لہر کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ 25 مئی سے 31 مئی تک صوبے کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث موسم کی شدت معمول سے کہیں زیادہ محسوس کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران سندھ کے بیشتر میدانی اور اندرونی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق گرم اور خشک ہوائیں دن کے اوقات میں موسم کو مزید سخت بنا سکتی ہیں، جس سے ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی گرمی انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، خاص طور پر بچے، بزرگ اور پہلے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
اسی وجہ سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے اجتناب کریں اور دن کے اوقات میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی فصلوں اور مویشیوں پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے، لہٰذا زرعی سرگرمیوں کے دوران خصوصی احتیاط اختیار کی جائے۔ ماہرین کے مطابق پانی کا زیادہ استعمال اور سایہ دار مقامات پر قیام گرمی کے اثرات سے بچنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
حکام نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں، براہِ راست دھوپ میں طویل وقت گزارنے سے گریز کریں اور ضرورت پڑنے پر فوری طبی مدد حاصل کریں تاکہ ممکنہ طبی پیچیدگیوں سے محفوظ رہا جا سکے۔