اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ چینی قیادت سے ملاقاتوں سمیت اہم اقتصادی اور سفارتی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچیں گے، جبکہ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ 26 مئی تک جاری رہے گا، جس کا مقصد پاک چین دوطرفہ تعلقات، سیاسی روابط اور معاشی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکرٹری سے ملاقات کریں گے جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور خطے میں جاری سفارتی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق چین نے تنازع کے حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی وفود سی پیک فیز ٹو کے تحت بزنس فورمز، معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی تقاریب میں بھی شرکت کریں گے تاکہ پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔
وزیراعظم معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں کریں گے اور چائنہ اکیڈمی آف ایگریکلچر سائنسز سمیت مختلف اداروں کا دورہ بھی کریں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم بیجنگ جائیں گے جہاں ان کی چینی صدر Xi Jinping اور وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں ہوں گی، جبکہ وہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔