English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 یاسین ملک کی صحت و مقدمات پر تشویش، بھارت پر کشمیریوں کے خلاف ریاستی تشدد کے الزامات

القمر

اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کے خلاف تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے اور بھارتی حکومت کی پالیسیوں کے باعث خطے کی صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو اور “سیو یاسین ملک” مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نے کہا کہ یاسین ملک کی صحت اور ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں اور انہیں قانونی، طبی اور خاندانی رسائی سے محروم رکھا جا رہا ہے، یہ صورتحال انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی حکومت کشمیری حریت رہنماؤں کے خلاف جعلی مقدمات قائم کر کے انہیں دبانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ مقبوضہ علاقے میں کشمیری نوجوانوں کے خلاف کارروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، اس جدوجہد میں عوام، خصوصاً تاجر برادری کا کردار قابلِ تعریف ہے۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ “سیو یاسین ملک” مہم کو ملک بھر میں بھرپور عوامی حمایت حاصل ہو رہی ہے اور اس تحریک کو کراچی سے اسلام آباد تک مزید منظم انداز میں جاری رکھا جائے گا تاکہ کشمیری قیدیوں کی رہائی کے لیے دباؤ بڑھایا جا سکے، یاسین ملک کو طبی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے صورتحال تشویشناک ہے،اس سے خطے میں انسانی حقوق کی صورتحال پر سنگین سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

مشعال حسین ملک نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو نظر انداز کیا گیا تو خطہ مزید عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں صورتحال روز بروز خراب ہو رہی ہے اور عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی میڈیا کشمیریوں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کر رہا ہے اور خطے میں جاری صورتحال کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے جبکہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے