ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

 ایران معاہدے میں بڑی پیش رفت، خطے میں نئی سفارتی صف بندیاں متوقع

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے ممکنہ معاہدے پر زیادہ تر امور طے پا چکے ہیں جبکہ حتمی نکات پر بات چیت آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، اس معاہدے کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے، جو مشرقِ وسطیٰ کی سیاسی صورتحال میں اہم تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔

امریکی صدر کے مطابق مجوزہ معاہدہ صرف امریکا اور ایران تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس میں کئی اہم مسلم ممالک کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ خطے میں دیرپا استحکام کو یقینی بنایا جا سکے، معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز کو کھولنے اور بحری راستوں میں کشیدگی کم کرنے پر اتفاق رائے پیدا کیا جا رہا ہے، جس سے عالمی تجارتی سرگرمیوں میں بہتری کی امید ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سلسلے میں پاکستان کی عسکری قیادت سمیت متعدد مسلم ممالک کی قیادت سے رابطے کیے گئے ہیں،پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت مختلف ممالک کے رہنماؤں سے تفصیلی مشاورت ہوئی ہے تاکہ ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکیہ، مصر، اردن اور بحرین کی قیادت سے بھی ایران سے متعلق ممکنہ مفاہمتی یادداشت پر بات چیت کی گئی ہے، ان تمام فریقین کو خطے میں استحکام کے لیے اعتماد میں لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ تنازع سے بچا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کو بھی اس پیش رفت سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ فریقین کو سفارتی عمل میں شامل رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی پیدا نہ ہو۔

امریکی صدر نے اس پیش رفت کو مشرقِ وسطیٰ میں ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ معاہدہ طے پا گیا تو خطے میں نئی سیاسی اور معاشی صف بندیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں، یہ معاہدہ حتمی مرحلے کے قریب ہے تاہم آخری تفصیلات پر بات چیت ابھی جاری ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں