وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات سے متعلق ذرائع ابلاغ پر چلنے والی خبروں کی وضاحت کر دی ہے۔
اپنے بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کے ہمراہ محسن نقوی سے ہونے والی ملاقات میں کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی، جیسا کہ بعض رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ داخلہ سے ملاقات بنوں میں دہشت گردی کے واقعات اور صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کے لیے ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر اور سہیل آفریدی پر بغیر اطلاع دیے محسن نقوی سے ملاقات کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں اور خاندان کے دیگر افراد کو اس ملاقات کے بارے میں کوئی آگاہی نہیں تھی، جبکہ ملاقات میں خاندان کا کوئی فرد بھی موجود نہیں تھا۔