ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

عیدالاضحٰی کے دو دن لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا گیا

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر خیبر پختونخوا بھر کے صارفین کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے عید کے دو دن تک لوڈ شیڈنگ نہ کرنے اور تمام فیڈرز پر مسلسل چوبیس گھنٹے بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو عید کے پرمسرت موقع پر زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور عبادات و قربانی کے دوران بجلی کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اختر حمید خان نے کہا ہے کہ عید کے دنوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ صارفین کو کسی قسم کی بجلی کی بندش یا تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ شہری سنت ابراہیمی کی ادائیگی اور عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منانے کے دوران سہولت محسوس کر سکیں۔

انتظامیہ کی جانب سے عید کے موقع پر عملی اقدامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے تحت پیسکو کا عملہ خصوصی ڈیوٹی پر موجود رہے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے اور بجلی کی مسلسل فراہمی میں کوئی خلل نہ آئے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ سب ڈویژنز اور فیڈرز کو اضافی ٹرانسفارمرز، بجلی کی تاریں، میٹرز اور دیگر ضروری سامان بھی فراہم کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی فنی خرابی کی صورت میں فوری مرمت ممکن ہو سکے۔

دوسری جانب پیسکو کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے دنوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور قربانی کے جانور بجلی کے کھمبوں کے ساتھ باندھنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

اس کے علاوہ صارفین کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجلی کا غیر ضروری استعمال نہ کریں تاکہ لوڈ میں توازن برقرار رہے اور ہر گھر تک بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں