کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان نے کہا ہے کہ اُن کی والدہ اور وکیل انہیں ذہنی مریض ثابت کرنا چاہتے ہیں۔
کراچی کے جیل کمپلیکس میں قائم انسدادِ دہشت گردی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے خلاف صحافی پر حملے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران ملزم ارمغان نے عدالت میں شور شرابہ کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی والدہ اور وکیل انہیں پاگل قرار دلوانا چاہتے ہیں۔
ملزم نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ یہ لوگ اُن کے پیسوں کے پیچھے ہیں، جبکہ وہ مکمل طور پر ٹھیک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی وکیل کی ضرورت نہیں اور وہ اپنا مقدمہ خود لڑنا چاہتے ہیں۔
عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر انسدادِ دہشت گردی قانون کی دفعات ختم کرنے سے متعلق دلائل بھی پیش کیے جائیں۔
بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت یکم جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ پیشی پر استغاثہ کے گواہان طلب کر لیے۔