English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم اور ترک صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

القمر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور صدر ترکی رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی حکومت و عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی، آزمودہ اور برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے دوران کیے گئے اہم فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو عملی نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔ گفتگو میں تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے شعبوں کو مزید وسعت دینے پر خصوصی توجہ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اس موقع پر ترکی کی جانب سے پاکستان کے امن اقدامات کی حمایت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے قریبی رابطے اور مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور ترکی کو اپنی سفارتی ہم آہنگی مزید مضبوط کرنی چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعلقات کو صرف روایتی سفارتکاری تک محدود رکھنے کے بجائے اقتصادی، تجارتی اور اسٹریٹجک شراکت داری میں مزید وسعت دی جائے گی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے