English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صدر مملکت اور وزیراعظم کا عید پیغام، اتحاد، قربانی اور بھائی چارے پر زور

القمر

اسلام آباد: عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے اتحاد، قربانی، برداشت اور قومی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ عیدالاضحیٰ مسلمانوں کو حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جو اطاعت، وفاداری اور ایثار کی اعلیٰ مثال ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور باہمی احترام کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اختلافات اور نفرتوں کے بجائے برداشت، مکالمے اور محبت کے رویوں کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ملک کو مضبوط اور متحد بنایا جا سکے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور حقیقی خوشی اسی وقت مکمل ہوتی ہے جب ہر فرد خود کو معاشرے کا اہم حصہ محسوس کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ صرف جانور قربان کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ اپنے ذاتی مفادات، خواہشات اور انا کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرنے کا درس بھی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، اجتماعی سوچ اور ایثار کے جذبے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ عید کے موقع پر غریبوں، یتیموں، مزدوروں اور سفید پوش خاندانوں کو نہ بھولیں تاکہ عید کی خوشیاں ہر گھر تک پہنچ سکیں۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی ترقی، امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ قوم متحد ہوکر ملک کو آگے لے جانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے