English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیل کا القسام بریگیڈز کے نئے سربراہ محمد عودہ کو شہید کرنے کا دعویٰ

القمر

تل ابیب:اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سٹی میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے نئے سربراہ محمد عودہ شہید ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 26 مئی کی شب غزہ سٹی میں ایک فضائی کارروائی کے دوران محمد عودہ کو نشانہ بنایا گیا،یہ کارروائی کئی ماہ کی انٹیلی جنس نگرانی کے بعد کی گئی۔

حماس کی جانب سے تاحال محمد عودہ کی شہادت یا انہیں القسام بریگیڈز کا سربراہ مقرر کیے جانے کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

رپورٹس کے مطابق محمد عودہ ماضی میں حماس کے انٹیلی جنس شعبے کے سربراہ رہ چکے تھے۔ انہیں مبینہ طور پر القسام بریگیڈز کے سابق سربراہ عزالدین الحداد کی شہادت کے بعد نئی ذمہ داری دی گئی تھی۔ عزالدین الحداد مئی کے آغاز میں ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ کو غزہ میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب غزہ کے الشفا اسپتال کے ذرائع نے عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کو بتایا کہ غزہ سٹی کے مغربی علاقے میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں کم از کم 6 افراد شہید جبکہ 20 زخمی ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب شہری عیدالاضحیٰ کی تیاریوں اور خریداری میں مصروف تھے۔ حملہ شہر کے گنجان آباد تجارتی علاقے میں ہوا جہاں متعدد دکانیں اور بازار موجود تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 9 بجے یکے بعد دیگرے 3 بڑے دھماکے سنے گئے جن کے بعد علاقے میں شدید تباہی پھیل گئی۔

واضح رہے کہ غزہ میں 11 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جنگ بندی کے بعد اب تک 906 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 72 ہزار سے زائد فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے