محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کے پیشِ نظر خبردار کیا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع آئندہ چند روز تک شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہ سکتے ہیں، جبکہ مختلف شہروں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق 31 مئی تک سندھ کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید نوعیت کی گرمی کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، دادو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت 47 سے بڑھ کر 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ موہن جو دڑو، شکارپور، جیکب آباد اور خیرپور میں بھی پارہ معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید خشک اور گرم ہوائیں گرمی کے اثرات میں مزید اضافہ کر سکتی ہیں۔
دوسری جانب تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، میرپورخاص اور جامشورو سمیت زیریں سندھ کے کئی علاقوں میں بھی شدید حبس اور تپش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ اگرچہ سمندری ہوائیں بحال رہیں گی، تاہم ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ ہفتے کے روز پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس دوران جنوب مغرب کی سمت سے سمندری ہوائیں وقفے وقفے سے چلتی رہیں گی، تاہم حبس برقرار رہنے کے باعث شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
