کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر بھر میں آلائشیں بروقت اٹھانے کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ کا عملہ مسلسل متحرک ہے اور مختلف علاقوں، گلیوں اور محلوں میں صفائی کا عمل تیزی سے جاری رکھا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کراچی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں عید کے دنوں میں یہ شکایات عام رہتی تھیں کہ آلائشیں نالوں اور سیوریج لائنوں میں پھنس جاتی تھیں، جس کے باعث تعفن اور گندگی کی صورتحال پیدا ہوتی تھی، تاہم اس مرتبہ متعلقہ ادارے پیشگی حکمتِ عملی کے تحت میدان میں موجود ہیں اور آلائشوں کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کا عمل جاری ہے۔
ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے جماعتِ اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ تمام کام صرف ٹاؤن چیئرمین انجام دے رہے ہیں تو یہ ان کی رائے ہو سکتی ہے، تاہم انہوں نے گزشتہ 3 برسوں کے دوران بڑی کوشش کی کہ شاید حافظ نعیم الرحمان کو حقائق دکھائے جا سکیں۔
مرتضیٰ وہاب نے لاہور اور کراچی کے تقابلی جائزے کو بھی نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہر کی اپنی ضروریات، مسائل اور انتظامی نوعیت ہوتی ہے، اس لیے دونوں شہروں کا براہِ راست موازنہ درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کے کسی بیان سے لاہور کے رہنما بلال یاسین کو ناگواری محسوس ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ لاہور کے بارے میں احترام کا اظہار کرتے آئے ہیں اور کبھی اس شہر کے خلاف کوئی نامناسب بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان کا ایک اہم اور خوبصورت شہر ہے اور وہ ہمیشہ یہ کہتے رہے ہیں کہ لاہور ساڈا دل ہے، جبکہ بلال یاسین بھی اپنے شہ میں بہتر انداز سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
