English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یومِ تکبیر پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے، صدرِ مملکت

القمر

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار، پُرامن اور مضبوط ایٹمی ریاست ہے جو اپنے دفاع اور قومی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، 28 مئی کا دن ملکی تاریخ میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے اور یہ پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔

صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے کامیاب ایٹمی دھماکے کرکے نہ صرف اپنی دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا بلکہ اس دن ملک کو اسٹریٹجک خودمختاری بھی حاصل ہوئی، پاکستان کا ایٹمی پروگرام قومی سلامتی کے تقاضوں کے تحت شروع کیا گیا تھا تاکہ ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا جاسکے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم اپنے سائنس دانوں، انجینئرز اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے انتہائی مشکل حالات میں ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، عالمی دباؤ، معاشی پابندیوں اور بیرونی مخالفت کے باوجود پاکستان نے قومی مفاد اور خودمختاری کا تحفظ یقینی بنایا۔

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی خطے میں امن، توازن اور استحکام کی ضامن ہے، جدید جنگوں کی نوعیت تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور مستقبل میں سائبر وارفیئر، مصنوعی ذہانت اور ڈرون ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کریں گے، اس لیے پاکستان کو جدید تقاضوں کے مطابق اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا اور ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے، اگر کسی نے پاکستان کی سلامتی یا خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اسے فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی میں کامیاب ایٹمی دھماکے کیے تھے۔ اس تاریخی کامیابی کے بعد ہر سال 28 مئی کو ملک بھر میں ’’یومِ تکبیر‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ پاکستان کے دفاعی عزم، قومی خودمختاری اور سائنسی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاسکے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے