English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملک میں استحکام کیلئے اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں: صدر زرداری

القمر

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملکی استحکام، قومی سلامتی اور اداروں کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا، ہم سب مل کر اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ مزید مضبوط کریں گے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔

سندھ کے شہر مورو میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے داخلی اور خارجی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران بھارت کو واضح پیغام دیا اور ایک ہفتے کے اندر ایسی صورتحال پیدا کردی کہ نئی دہلی کو اپنے طرزعمل پر نظرثانی کرنا پڑی۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جب پاکستان نے بھارتی طیارے مار گرائے تو وہاں کی قیادت اور اداروں کو اپنی اصل حیثیت کا اندازہ ہوگیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختصر دورانیے کی کشیدگی نے بھارت کو یہ احساس دلادیا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔

صدر مملکت نے بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہاں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کو عالمی ذرائع ابلاغ میں مناسب انداز میں اجاگر نہیں کیا جاتا۔   بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے مگر اس معاملے پر خاموشی اختیار کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت سیاسی بصیرت اور معاملہ فہمی سے محروم دکھائی دیتی ہے، اسی وجہ سے خطے میں کشیدگی کو ہوا دی جارہی ہے۔  پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم ملکی دفاع اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

صدر زرداری نے اپنے خطاب میں پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ رابطے مضبوط کریں اور سیاسی میدان میں متحرک کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں قومی یکجہتی ہی ملک کو آگے لے جاسکتی ہے اور تمام اداروں کو ایک صفحے پر رہ کر کام کرنا ہوگا۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے