English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چاروں صوبوں کو برابر حقوق اور وسائل دیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، محمود خان اچکزئی

القمر

چمن:قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں تمام قومیتوں کو برابری کے حقوق دیے بغیر اور چاروں صوبوں کو وسائل و اختیارات میں مساوی حصہ فراہم کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

چمن میں گورنمنٹ ماڈل اسکول گراؤنڈ میں منعقدہ ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کو موجودہ سیاسی اور انتظامی بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ 1973 کے آئین کی مکمل بحالی اور اس پر حقیقی عملدرآمد ہے، منتخب پارلیمنٹ کو ہی طاقت کا سرچشمہ تسلیم کرنا ہوگا تاکہ جمہوری نظام مضبوط ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی مضبوطی اس وقت ممکن ہوگی جب تمام اکائیوں کو مساوی حقوق اور وسائل کی منصفانہ تقسیم دی جائے، چھوٹے صوبوں کے تحفظات دور کیے بغیر قومی یکجہتی کو فروغ نہیں دیا جا سکتا۔

افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ افغانستان کو پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا، پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں اور جنگ کبھی بھی مسائل کا حل نہیں ہوتی۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ہی خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کی ضمانت بن سکتے ہیں،دونوں ممالک کو باہمی اعتماد، تجارت اور عوامی روابط کو فروغ دینا چاہیے تاکہ سرحدی علاقوں میں امن قائم ہو سکے۔

محمود خان اچکزئی نے سرحدی علاقوں میں ٹریڈ فری زونز قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں اور سرحدی آبادیوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے خصوصی ٹیکس رعایتیں دی جانی چاہئیں، تجارت کے فروغ سے نہ صرف مقامی معیشت بہتر ہوگی بلکہ بے روزگاری میں بھی کمی آئے گی۔

جلسے کے دوران پارٹی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ مقررین نے ملک میں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور صوبائی خودمختاری کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے