کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو اس لیے عہدے سے ہٹایا گیا کیونکہ وہ بعض غیر قانونی اقدامات میں رکاوٹ بن رہے تھے۔
کراچی میں ایم کیو ایم رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل کامران ٹیسوری کو دوبارہ گورنر سندھ مقرر کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر انہیں گورنر کے عہدے سے کیوں ہٹایا گیا، جبکہ رانا ثنااللہ بھی کہہ چکے ہیں کہ انہیں کامران ٹیسوری سے کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ میں بھی پیپلز پارٹی کا سیاسی اثر و رسوخ بتدریج کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140-A پر عملدرآمد ایم کیو ایم پاکستان کا تین دہائیوں سے مطالبہ رہا ہے، جبکہ مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم بھی ان کی جماعت کا مؤقف ہے، جسے آج نہیں تو کل منظور کرنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے دیگر سیاسی جماعتیں بھی ایم کیو ایم کے مؤقف کی حمایت کر رہی ہیں۔
