پشاور: خیبرپختونخوا میں سیاسی صورتحال کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جہاں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنی جماعت کے ناراض ارکانِ اسمبلی کو منانے کے لیے متحرک نظر آ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی رات گئے رکنِ صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سیاسی معاملات، پارٹی امور اور ضلع خیبر کی مجموعی ترقیاتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے متعدد ناراض ارکانِ اسمبلی سے ٹیلیفونک رابطے بھی کیے ہیں تاکہ ان کے تحفظات دور کیے جا سکیں اور پارٹی کے اندرونی اختلافات کو کم کیا جا سکے، بعض اراکین نے اپنے خدشات مرکزی قیادت تک بھی پہنچا دیے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی ہے کہ ناراض ارکان کو مناسب طور پر ایڈجسٹ کیا جائے اور ان کے تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ پارٹی کے اندر اتحاد برقرار رہے۔
دوسری جانب رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ ضلع خیبر کی ترقیاتی ضروریات اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے،ملاقات میں عوامی مسائل کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔