English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

200 یونٹ سےکم بجلی استعمال کرنیوالے حقدار صارفین کو سبسڈی ملتی رہےگی، وفاقی وزیر توانائی

القمر

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے مستحق صارفین کو سبسڈی بدستور فراہم کی جائے گی، جبکہ بجلی کے میٹرز کو کیو آر کوڈ سے منسلک کیا جا رہا ہے اور سبسڈی کی اہلیت کا تعین اسی نظام کے ذریعے کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ حکومت پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے بجلی سبسڈی ختم نہیں کر رہی۔ ان کے مطابق اس وقت 2 کروڑ 15 لاکھ صارفین سبسڈی سے مستفید ہو رہے ہیں اور تمام صارفین کا ڈیٹا کیو آر کوڈ کے ذریعے مرتب کیا جائے گا تاکہ صرف مستحق افراد کو سبسڈی دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بعض صارفین بڑے سولر سسٹمز نصب کرکے اپنی کھپت 200 یونٹ سے کم ظاہر کر رہے ہیں، جس کے باعث مکمل بل ادا کرنے والے صارفین پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیو آر کوڈ سسٹم کے تحت اہل صارفین کو بلا تعطل سبسڈی فراہم کی جاتی رہے گی۔

اویس لغاری نے بتایا کہ بجلی سبسڈی کا حجم 199 ارب روپے سے بڑھ کر 423 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ زرعی اور گھریلو شعبوں کو مجموعی طور پر 527 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20 لاکھ سے زائد سنگل فیز صارفین اپنی رجسٹریشن مکمل کرا چکے ہیں اور سبسڈی کے خاتمے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ ان کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے حکومتی دعوے درست ثابت ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کے نتیجے میں 3500 ارب روپے کی بچت ہوئی، جبکہ ڈسکوز کے نقصانات میں کمی سے 193 ارب روپے کی بچت ممکن ہوئی۔ ان کے مطابق مالی سال 25-2024 کے دوران سرکلر ڈیٹ میں 780 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی شعبے میں اصلاحات کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت کم ہوئی ہے اور صارفین کو براہِ راست ریلیف ملا ہے، جبکہ سبسڈی کے حجم میں کمی سے قومی خزانے پر بھی بوجھ کم ہوا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • مقصود بھٹی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے