چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن میں فارم 45 کی حفاظت عوام کرے، فارم 47 کی ذمہ داری میری ہے، کوئی فارم 47 نہیں آئے گا، انتخابات شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انداز میں منعقد کیے جائیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے بھرپور سیاسی حمایت کی اپیل کی اور کہا کہ آنے والے انتخابات میں ووٹرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا تحفظ یقینی بنائیں، جبکہ انتخابی نتائج کے حوالے سے باقی معاملات وہ خود سنبھال لیں گے۔
اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ تاریخی اور نظریاتی تعلق رہا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے اس خطے کے عوام کی محرومیوں کو ختم کرنے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے، جن کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ غریب، مزدور، کسان اور پسماندہ طبقات کے حقوق کی آواز بنی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد کا محور بھی عوامی فلاح اور جمہوری اقدار کا فروغ تھا، اور پارٹی آج بھی اسی فلسفے پر کاربند ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں ان کی جماعت کو سیاسی نقصان پہنچایا گیا، تاہم اس بار انہیں امید ہے کہ انتخابی عمل شفاف ہوگا اور عوام کا مینڈیٹ مکمل طور پر تسلیم کیا جائے گا۔
انہوں نے کارکنوں اور ووٹرز پر زور دیا کہ انتخابی دن بھرپور انداز میں حقِ رائے دہی استعمال کریں اور ووٹوں کے ریکارڈ کی نگرانی کو یقینی بنائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے آئینی اور سیاسی حقوق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت خطے کے عوام کو مزید اختیارات، وسائل اور فیصلہ سازی میں مؤثر کردار دلانے کے لیے کوشاں ہے، مقامی معاملات کے فیصلے مقامی عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کو کرنے چاہییں، کیونکہ یہی جمہوری اصولوں اور عوامی اختیار کا تقاضا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قدرتی وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہونا چاہیے اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچنے چاہییں، مقامی لوگوں کو معاشی مواقع اور روزگار فراہم کیے بغیر پائیدار ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے نوجوانوں کے لیے روزگار، خطے میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی حقوق کے تحفظ کو اپنی جماعت کی ترجیحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر گلگت بلتستان کے عوام کی سیاسی، معاشی اور آئینی امنگوں کے مطابق اقدامات کرے گی۔
