English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کے اہل خانہ کی حکومت سے فوری کارروائی کی اپیل

القمر

کراچی: صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانی شہریوں کے اہل خانہ نے حکومت سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے پیاروں کی بحفاظت واپسی کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 21 اپریل کو صومالیہ کے قریب اغوا کیے گئے جہاز پر سوار پاکستانی شہری امین بن شمس کی اہلیہ اور دیگر مغویوں کے اہل خانہ نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے تحفظات اور خدشات کا اظہار کیا۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مغویوں کا جہاز سمندر میں خراب حالت میں کھڑا ہے اور متعدد مرتبہ دیگر قزاق گروہوں نے بھی جہاز پر قبضے کی کوشش کی ہے، یہ جہاز اسکریپ کیے جانے کے قریب تھا اور اس کی فنی حالت بھی انتہائی خراب ہے، جس سے یرغمال افراد کی جانوں کو مزید خطرات لاحق ہیں۔

یرغمال پاکستانی یاسر خان کی اہلیہ نے کہا کہ وہ اپنے شوہر کی زندگی اور سلامتی کے حوالے سے شدید پریشانی کا شکار ہیں، عید کے موقع پر ان کی مختصر بات چیت ہوئی تھی جس دوران ان کے شوہر انتہائی پریشان دکھائی دے رہے تھے۔

اہل خانہ نے بتایا کہ وہ مختلف سرکاری اداروں، شپنگ آفس اور گورنر ہاؤس سے بھی رجوع کر چکے ہیں اور احتجاج بھی کیا، انہیں اب تک کوئی تسلی بخش جواب یا پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

مغوی حسین یوسف کی اہلیہ نے کہا کہ ان کے بچے روزانہ اپنے والد کی واپسی کے بارے میں سوال کرتے ہیں اور پورا خاندان ذہنی اذیت کا شکار ہے۔ انہوں نے حکومت، وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں اور جہاز پر موجود تمام 10 پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے ہنگامی اقدامات کریں۔

اہل خانہ نے حکومت سے اپیل کی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سفارتی اور دیگر ممکنہ ذرائع بروئے کار لا کر یرغمال پاکستانیوں کی جلد رہائی یقینی بنائی جائے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے