English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان خطے کی بڑی طاقت اور اہم شراکت دار ہے، نمائندہ خارجہ امور یورپی یونین

القمر

اسلام آباد: یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کالاس نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کی ایک بڑی طاقت اور یورپی یونین کا اہم شراکت دار ہے۔

اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کایا کالاس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، پاکستان اور یورپی یونین نے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے دوران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران صورتحال انتہائی سنگین ہو سکتی تھی، یورپی یونین نے دونوں ممالک پر مسلسل تحمل اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا، موجودہ حالات میں فضائی کارروائیوں کے بجائے مذاکرات ہی بہترین راستہ ہیں۔

کایا کالاس نے مزید کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع اور اپنے عوام کے تحفظ کا حق حاصل ہے، یورپی یونین پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے جو امریکا اور چین سے بھی بڑی ہے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات میں مثبت پیشرفت جاری ہے، دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان گزشتہ نومبر میں بھی اسٹریٹیجک مذاکرات ہوئے تھے جبکہ مختلف علاقائی امور پر مسلسل رابطہ برقرار رہا ہے، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران بھی سفارتی سطح پر رابطے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی افغانستان میں موجودگی پر بھی بات چیت ہوئی ہے جو پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے، سندھ طاس معاہدہ برقرار ہے اور حالیہ عدالتی فیصلے نے پاکستان کے مؤقف کو تقویت دی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتکاری کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے